محفل ذکرحسینؑ وعرس منہاس گوہرشہیدؒ

مورخہ ۸ اگست ۲۰۲۲ء بروز سوموار مرشد پاک کے آبائی گائوں ڈھوک بابا گوہرعلی شاہ میں ایک عظیم الشان روحانی محفل بسلسلہ بیاد امام الشہداء حضرت سیدنا امام حسین ؑ اور سرکار مرشد پا ک کے لخت جگرسیدنا شہزادہ منہاس گوہرشہیدؒ کے عرس مبارک کی مبارک محفل کا اہتمام کیاگیا جس میںشرکاء کی ایک کثیر تعداد نے شرکت فرمائی ۔اس محفل کی صدارت وسرپرستی عالمی مرکزی امیرانجمن سرفروشان اسلام انٹرنیشنل حضرت سیدنا پرویز اخترگوہرشاہی مدظلہ العالی نے فرمائی جومرشد کریم حضرت سیدنا ریاض احمد گوہرشاہی مدظلہ العالی کے برادراصغربھی ہیں۔محفل کا انتظام قبلہ اَباجی حضور ؒ (والدگرمی مرشد پاک) کے دربار کے احاطہ میں ہی کیاگیاتھا ،محفل کا آغاز حسب دستور تلاوت قرآن حکیم سے کیا گیا اسٹیج کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ سجایاگیاتھا،گرمی کی وجہ سے شرکاء کے لئے پنکھوں کا بندوبست بھی کیا گیاتھااس روحانی محفل میں پنجاب بھر سے ذاکرین اور عوام الناس نے شرکت فرمائی اور اکتساب فیض کیا۔لاہور،جھنگ،فیصل آباد،جہلم،سرائے عالمگیر،واہ کینٹ،راولپنڈی اور دیگرشہروں سے ذاکرین نے بھرپورانداز میں شرکت فرمائی۔مرشد پاک حضرت سیدنا پرویز اخترگوہرشاہی مدظلہ العالی کی آمد پر شرکاء نے اُن کو نہایت ہی گرمجوشی اور محبت سے استقبال کیا اور اللہ ھُو اللہ ھُو کے نعروں سے اُن کو خوش آمدید کہا گیا ۔نعروں کی گونج میں سرکار پاک اسٹیج پر اپنی نشست کی رونق بنے اور پورے پنڈال میں ایک روحانی کیفیت طاری ہوگئی۔سرکار کی اجازت سے محفل کی کاروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے صوبائی امیر جناب ساجد سہیل صاحب نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔

خطبہ استقبالیہ کے بعد نعت،قصیدہ مرشد پاک اور منقبت غوثیہ،مولیٰ علیؑ کی شان میں قصائد پیش کئے گئےاور سامعین نے دل کھول کرداد دی محفل کے آخر میں سرکار مرشد پاک نے نئے آنے والے خواتین وحضرات کوذکرقلب کی اجازت عطافرمائی اور اللہ ھُو کا ذکر کرایا۔ذکرکےبعد سرکار تشریف لے گئے اور شرکاء کی خدمت میں لنگرپیش کیاگیا۔